اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما راجہ پرویز اشرف 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان پر پھٹ پڑے۔
پیر کو 27 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں راجہ پرویز اشرف کے خطاب کے دوران اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں احتجاج اور شور شرابہ ہوا۔
خطاب کے دوران شور کرنے پر راجہ پرویز اشرف پی ٹی آئی ارکان پر پھٹ پڑے اور کہا کہ آپ کے ڈرامے ختم ہوگئے، اب بندوبست ہوجائے گا۔
راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان کو کہا کہ گالی اور بدتمیزی کا جواب ملے گا۔یہ یہاں اور بات کرتے ہیں وہاں جاکر اور بات کرتے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے سوال اٹھائے کہ کہاں گئی 2کروڑ نوکریاں؟ کہاں گئے 50لاکھ گھر؟ کون ہے فرح گوگی؟
سابق اسپیکر اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر پر تنقید کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انشااللہ یہ صدر زرداری کو کچھ نہیں کرسکتے، زرداری سے مقابلہ کرنا ہے تو بانی پی ٹی آئی کو 12 سال جیل میں رکھیں، آپ ہی لوگوں نے عمران خان کو اندر کروایا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آپ گالیاں نکالتے ہیں اور چاہتے ہیں جیل میں بیٹھے آپ کے لیڈر کو بھی گالیاں پڑیں، آپ جس کے ساتھی ہوں اس کو دشمن کی ضرورت نہیں۔
اس کے علاوہ راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہوگا، ہم ملک کا دفاع مضبوط کرنے والے ہیں، آپ نے ملک کا دفاع کمزور کیا ، پاکستان کا آئین اور قانون توڑا۔