روزانہ کچھ اخروٹ کھانے کا یہ فائدہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

کیا رات کو بستر پر کروٹیں بدلتے رہتے ہیں اور نیند مشکل سے آتی ہے؟

تو روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کھانے سے بے خوابی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

بارسلونا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ رات کے کھانے کے ساتھ کچھ مقدار میں اخروٹ کھانے سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 20 سے 35 سال کی عمر کے 76 افراد کو شامل کیا گیا۔

ان افراد کو 18 ہفتوں کے کلینیکل ٹرائل کا حصہ بنایا گیا جس کا پہلا مرحلہ 8 ہفتوں کا تھا۔

رضاکاروں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ کو 8 ہفتوں تک روزانہ رات کے کھانے کے ساتھ 40 گرام اخروٹ کا استعمال کرایا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو اس گری سے دور رکھا گیا۔

8 ہفتے مکمل ہونے کے بعد 2 ہفتے ان افراد کو آرام کرایا گیا اور پھر پہلے گروپ کو اخروٹ کھانے سے روک دیا گیا جبکہ دوسرے نے اس گری کو کھانا شروع کر دیا۔

تحقیق کے دوران ان افراد کے پیشاب کے نمونوں میں میلاٹونین نامی ہارمون کی سطح کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے ہر مرحلے میں 7 دنوں تک کلائی میں ٹریکر پہنا کر ان کی نیند کے رویوں، جسمانی سرگرمیوں، جِلد کے درجہ حرارت اور دیگر چیزوں کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ اخروٹ کھانے سے جسم میں میلاٹونین بننے کا عمل بڑھ جاتا ہے۔

یہ ہارمون رات کی اچھی نیند کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح ان افراد کی نیند کا معیار بہتر ہوگیا جبکہ دن میں غنودگی کا سامنا بھی کم ہونے لگا۔

محقین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ اس میں شامل افراد کی تعداد کم تھی۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ اخروٹ میں موجود اجزا ممکنہ طور پر نیند کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اخروٹ میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو نیند کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق نیند سے ہٹ کر روزانہ اخروٹ کھانے سے دل اور دماغ دونوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل فوڈ اینڈ فنکشن میں شائع ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں