بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے ایشیا کپ کے بعد آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کو بھی سیاست میں گھسیٹنےکا فیصلہ کیا ہے۔
بی سی سی آئی سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے ایک بیان میں کہا ہےکہ پاکستان کے ساتھ معاملے پر ہماری پالیسی وہی ہے جو پچھلے ہفتے تھی۔
دیوجیت سائیکیا کا کہنا ہےکہ پاکستان سے میچ کھیلیں گے،کرکٹ کے پروٹوکول کے مطابق کھیلیں گے، جو ایم سی سی کے ضوابط میں درج ہے، ان پروٹوکولز کو فالو کریں گے، اس بات کی گارنٹی نہیں دے سکتا کہ پلیئرز ہاتھ ملائیں گے یا گلے ملیں گے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ 5 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ویمن ٹیم بھی پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ نہیں ملائے گی۔
بھارت نے حال ہی میں ہونے والے ایشیا کپ کو بھی سیاست زدہ کرنے کی کوشش کی تھی، بھارتی کھلاڑیوں نے کسی بھی میچ کے دوران پاکستان کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملائے اور پھر ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی کپتان نے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے ٹرافی بھی وصول نہیں کی۔