انسٹا گرام میپ فیچر آخرکار پاکستان میں صارفین کو دستیاب

انسٹا گرام نے اپنا میپ فیچر باضابطہ طور پر پاکستان میں متعارف کرا دیا ہے۔

یہ فیچر گزشتہ دنوں پاکستان میں متعارف کرایا گیا جس سے صارفین مقبول ریسٹورینٹس، کیفے، مقامات اور مقامی کاروباری اداروں کو فوٹو شیئرنگ ایپ کے اندر ہی تلاش کرسکتے ہیں۔

اس فیچر سے پوسٹس یا اسٹوریز میں ٹیگ کی جانے والے قریبی لوکیشنز کو ڈسکور کرنا بھی ممکن ہوگا جبکہ ان کے بارے میں تفصیلات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

صارفین دوستوں کے ساتھ لوکیشنز بھی شیئر کرسکیں گے یا مستقبل میں وہاں جانے کے لیے ان لوکیشنز کو محفوظ کرسکیں گے۔

یہ فیچر سب سے پہلے اگست میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اس وقت یہ محدود ممالک میں ہی دستیاب تھا۔

اس موقع پر انسٹا گرام نے میپ کو دوستوں سے منسلک ہونے کا ایک نیا ذریعہ قرار دیا تھا۔

انسٹا گرام کی جانب سے میپ کے اوپر ایک انڈیکٹر رکھا جائے گا تاکہ معلوم ہوسکے کہ صارف کی لوکیشن ایکٹیو ہے یا اس نے ٹرن آف کر دی ہے۔

اگر لوکیشن شیئرنگ کو ڈس ایبل کیا جائے گا تو صارف کو پروفائل فوٹو کے نیچے نوٹس ٹرے میں اس حوالے سے یاد دہانی کرائی جائے گی۔

انسٹا گرام کی جانب سے ٹیگ مواد کے لیے پریویو فیچر بھی ایڈ کیا گیا ہے جس سے صارفین دیکھ سکیں گے کہ ان کی اسٹوری، ریل ویڈیو یا پوسٹ پبلش ہونے سے قبل میپ پر کیسے نظر آتی ہے۔

صارفین کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ لوکیشن شیئرنگ کو جب مرضی ٹرن آن یا آف کرسکتے ہیں، جبکہ یہ تعین کرسکتے ہیں کہ کونسے دوست لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔

اگر لوکیشن شیئرنگ ان ایبل ہوگی تو جب بھی صارف ایپ اوپن کرے گا تو انسٹا گرام کی جانب سے اس کی لوکیشن کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور وہ لوکیشن اپ ڈیٹ 24 گھنٹے میں ایپ اوپن نہ کرنے پر خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جائے گی۔

جب لوکیشن شیئرنگ آن کی جائے گی تو بلیو ایرو نظر آئے گا، سرخ ڈاٹ کا مطلب ہوگا کہ اسے ٹرن آف کر دیا گیا ہے، جبکہ اورنج ٹرائی اینگل سے عندیہ ملے گا کہ لوکیشن پرمیشن ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں