انسٹا گرام کی جانب سے نئی مینیو بار کو ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس میں ٹیبز کی ترتیب مختلف ہوگی۔
انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے انسٹا گرام میں اس تبدیلی کا اعلان کیا۔
فی الحال اس کی آزمائش کی جا رہی ہے اور محدود صارفین ایپ میں نئی مینیو بار کو استعمال کرسکتے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ نئی مینیو بار میں ریلز اور ڈائریکٹ میسجز دونوں کو شامل کیا جا رہا ہے جو اس فوٹو شیئرنگ ایپ کے مقبول ترین فیچرز ہیں۔
ابھی انسٹا گرام میں نیچے فیڈ، سرچ، نئی پوسٹ بنانے کا آپشن، ریلز اور پروفائل پیج جیسے آپشنز موجود ہیں۔
مگر نئی مینیو بار میں ریلز اور ڈائریکٹ میسجز ہوم آئیکون کے برابر میں آجائیں گے جبکہ نئی پوسٹ بنانے کا آپشن ختم کر کے اوپر منتقل کر دیا جائے گا۔
ایڈم موسیری نے ایک انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا کہ اس طرح کی تبدیلیوں کو اپنانے میں صارفین کو وقت لگتا ہے۔
اسی وجہ سے ابھی آزمائشی مراحل میں بھی یہ نئی مینیو بار آپشنل ہے۔
کمپنی اس سے قبل واضح کرچکی ہے کہ مستقبل میں انسٹا گرام میں میسجنگ اور مختصر ویڈیوز کو زیادہ ترجیح دی جائے گی۔
ایڈم موسیری نے کچھ عرصے پہلے بتایا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں ریلز اور ڈائریکٹ میسجز نے انسٹا گرام کو تیزی سے آگے بڑھایا، تو ہم انہیں اولین 2 ٹیبز کی جگہ دینے کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔