بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے ورزش کرنے کا بہترین وقت

ورزش کرنے کی عادت ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں کو بلڈ شوگر کی سطح کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

ورزش کرنے سے انسولین کی حساسیت بھی بڑھتی ہے مگر ورزش کرنے کا وقت بھی اس حوالے سے اہم ہوتا ہے۔

صبح اٹھنے کے بعد جیسے جیسے دن گزرتا ہے، ہمارے جسم میں انسولین کی حساسیت گھٹنے لگتی ہے تو مخصوص وقت پر ورزش کرنے سے جسم کو بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں زیادہ مدد مل سکتی ہے۔

تو کونسا وقت بہترین ہے؟

2023 میں جرنل Diabetes Care میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ دوپہر میں ورزش کرنے سے بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے میں زیادہ مدد ملتی ہے۔

تحقیق میں ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے کے شکار افراد میں طرز زندگی کے مختلف عناصر سے مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ دن میں کس وقت ورزش کرنے سے بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ دوپہر کے وقت ورزش کرنے سے ایک سال کے عرصے میں ذیابیطس کے مریضوں کے بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں بہتری آئی۔

محققین نے بتایا کہ جب لوگ دوپہر میں جسمانی طور پر متحرک ہوتے ہیں تو چند ہفتوں کے بعد ہیموگلوبن اے 1 سی کی سطح میں سب سے زیادہ کمی آتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ ان افراد کو کم ادویات کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔

البتہ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ اگر دوپہر کو ورزش کرنے کا وقت نہیں تو دن میں کسی اور وقت بھی اسے کرنے سے گریز کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ورزش کرنا اسے نہ کرنے سے بہتر ہی ہوتا ہے۔

نومبر 2022 میں نیدرلینڈز میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دوپہر سے آدھی رات کے درمیان کسی وقت بھی ورزش کرنا انسولین کی مزاحمت کا خطرہ 25 فیصد تک کم کرتا ہے۔

انسولین کی مزاحمت اس وقت ہوتی ہے جب مسلز، چربی اور جگر کے خلیات کو انسولین کے حوالے سے ردعمل میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کے باعث خون میں گلوکوز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

اس تحقیق میں 45 سے 65 سال کی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تھا اور آغاز میں ان کے خون کے نمونوں کے ذریعے بلڈ گلوکوز اور انسولین کی سطح کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ دوپہر سے رات کے درمیان جسمانی سرگرمیوں سے جگر میں چربی کی مقدار میں کمی آئی جبکہ انسولین کی مزاحمت بھی گھٹ گئی۔

تحقیق کے مطابق دوپہر یا شام کو ورزش کرنے سے انسولین کی مزاحمت میں 18 سے 25 فیصد تک کمی آتی ہے۔

2018 میں جرنل نیوٹریشنز میں شائع ایک تحقیق میں بھی دریافت کیا گیا کہ دوپہر کو کھانے کے بعد 10 منٹ کی ہلکی ورزش سے بلڈ شوگر کی سطح میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ کھانے کے بعد ورزش کرنے سے بلڈ شوگر کی سطح میں تیزی سے کمی آتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں