فیس بک کے نئے فیچر کی مدد سے اب صارفین ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی جدید مصنوعی ذہانت تک آسان رسائی کیلئے بنائی گئی ’اے آئی‘ ایپ کو استعمال کرتے ہوئے اپنے فون کے کیمرہ رول میں موجود تصاویر بھی ایڈٹ کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق صارفین فیس بک میں موجود ایک فیچر کو فعال کرکے میٹا اے آئی کو اپنے فون کے کیمرہ رول میں محفوظ تصاویر کو ایڈٹ کرنے کی اجازت دے سکیں گے تاہم فی الحال اس فیچر سے امریکا اور کینیڈا کے صارفین مستفید ہو سکیں گے۔
میٹا کی جانب سے حال ہی میں کیے گئے اعلان کے مطابق فیس بک سیٹنگز میں موجود اس فیچر کو فعال کرکے صارفین میٹا اے آئی کے ذریعے فون کے کیمرہ رول میں موجود تصاویر ایڈٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ان تصاویر کو فیس بک فیڈ اور اسٹوریز پر شیئر بھی کر سکیں گے۔

فیس بک صارفین اپنی مرضی سے فیس بک سیٹنگ میں موجود ’ Camera roll sharing suggestions‘ کے آپشن کے نیچے ’cloud processing ‘ کا آپشن فعال کرکے اس فیچر تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، یہ آپشن آپ کے کیمرہ رول میں موجود تصاویر کو اے آئی امیجز بنانے میں مدد فراہم کے گا، ساتھ ہی اس فیچر کو کسی بھی وقت غیر فعال کیا جاسکےگا۔
میٹا کے اعلان کے مطابق ’صارفین کی کیمرے میں موجود تصاویر کو اس وقت تک اشتہاراتی اہداف کے مقاصد اور اے آئی سسٹم کی بہتری کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا جب تک کہ صارف خود ان ایڈٹ تصاویر کو اپنے سوشل نیٹ ورک پر دوستوں یا دوسرے افراد کیساتھ شیئر نہ کرے۔