نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔
اسحاق ڈار کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ ملائیشیا سے واپسی پر اردن میں پاکستانی سفیر کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق سے رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق سینیٹر مشتاق خیریت سے ہیں اور حوصلے بلند ہیں، میں نے سابق سینیٹر مشتاق کے حوصلے اور فلسطینی عوام کی حمایت میں صمود فلوٹیلا کا حصہ بننے پر ان کی جرات کو سراہا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ سابق سینیٹر مشتاق نے دفتر خارجہ پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
ان کا مزید کہناتھاکہ دفتر خارجہ نے تل ابیب میں ایک دوست یورپی ملک کے مشن کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق سے رابطہ کیا، اردنی دارالحکومت عمان میں قیام کے دوران پاکستانی سفارتخانے نے سابق سینیٹر کو مکمل معاونت اور تحفظ فراہم کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دفتر خارجہ نے مشتاق کی 9 اکتوبر کو پاکستان واپسی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے آج گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 131 ارکان ڈی پورٹ کیا جن میں مشتاق احمد بھی شامل تھے۔
رہائی کے بعد ویڈیو بیان میں مشتاق خان نے بتایا کہ 150 ساتھیوں کے ساتھ اردن پہنچ چکا ہوں، 5 دن اسرائیل کے ایک صحرا میں واقع بدنام زمانہ نیگیوڈیزرٹ جیل میں رہے، اس دوران ہمارے ہاتھ پیچھے باندھے گئے، آنکھون پر پٹیاں اور پاؤں میں بیڑیاں ڈالی گئیں۔