موبائل فون جام ہوچکا ہے، اسرائیلی جہاز نظر آرہے ہیں، شاید آج رات فلوٹیلا پر حملہ ہوجائے: مشتاق احمد خان

امدادی سامان اور ادویات لے کر غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ آج رات فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کا امکان ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں مشتاق احمد خان نے کہا کہ دور سے اب اسرائیلی بحری جہاز نظر آنے لگے ہیں، امکان ہے آج رات فلوٹیلا پر کوئی ایکشن ہوجائے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ ہم نے کسی بھی ہنگامی حالت کے لیے حفاظتی جیکٹس پہن لی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ان کا موبائل فون جام کردیا ہے اور گزشتہ 36 گھنٹوں سے ان کا موبائل کے ذریعے کسی سے رابطہ نہیں ہے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ اسرائیل میرا فون جام کرسکتا ہے لیکن غزہ کی طرف سفر کو نہیں روک سکتا، یہ کہتے ہوئے انہوں نے اپنا موبائل فون سمندر میں پھینک دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہے ہم سمندر میں مچھلیوں کی خوراک بن جائیں یا اسرائیلی ڈرون کا نشانہ بنیں لیکن غزہ کی طرف سفر جاری رکھیں گے۔

مشتاق احمد خان نے عوام سے اپیل کی کہ اگر آپ غزہ نہیں آسکتے تو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے باہر پرامن احتجاج کریں۔

عرب میڈیا کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کے قریب پہنچ رہا ہے، تقریباً 50 کشتیوں پر سوار سیکڑوں افراد اس سفر میں شریک ہیں اور منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فلوٹیلا 3 دن میں غزہ پہنچ سکتا ہے۔

فلوٹیلا میں موجود ایک صحافی کے مطابق کشتیاں ’اورنج لائن‘ کو عبور کرکے اس خطرے والے علاقے میں داخل ہو رہی ہیں جہاں خطرہ ہے کہ اسرائیلی بحریہ انہیں روکنے کی کوشش کرے گی۔

غزہ سے 150 سمندری میل کے فاصلے کو ’اورنج لائن‘ کہا جاتا ہے اور یہ وہی مقام جہاں اس سال کے اوائل میں اسرائیل نے امدادی جہاز ’میڈلین‘ اور ’حنظلہ‘ کو روک لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں