اگر آپ واٹس ایپ میں میٹا اے آئی کے علاوہ چیٹ جی پی ٹی یا کوئی اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ استعمال کرتے ہیں تو جلد ایسا ممکن نہیں ہوسکے گا۔
میٹا کی جانب سے واٹس ایپ کے اندر تھرڈ پارٹی اے آئی اسسٹنٹس کے استعمال کا دروازہ بند کیا جا رہا ہے۔
15 جنوری 2026 سے کسی بھی اے آئی چیٹ بوٹ بشمول چیٹ جی پی ٹی کو واٹس ایپ پلیٹ فارم میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے لیے کمپنی نے واٹس ایپ کی بزنس اے پی آئی پالیسی میں تبدیلی کرکے لارج لینگوئج ماڈلز، جنریٹیو اے آئی پلیٹ فارمز یا جنرل پرپز اے آئی اسسٹنٹس کے ڈویلپرز پر سسٹم تک رسائی پر پابندی عائد کی ہے۔
آسان الفاظ میں میٹا کی جانب سے دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ کو بند کرکے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ صارف بس میٹا اے آئی کو ہی استعمال کریں۔
واٹس ایپ میٹا کے لیے اے آئی آئیڈیاز کی آزمائش کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم ہے اور وہاں تھرڈ پارٹی چیٹ بوٹس کی موجودگی کا مطلب یہ ہوگا کہ ہر فرد میٹا اے آئی کا استعمال نہیں کرے گا۔
مگر اب ان تمام اے آئی چیٹ بوٹس کو واٹس ایپ سے نکلنا ہوگا۔
واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد 3 ارب سے زیادہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اے آئی چیٹس بوٹس کے لیے یہ بہت اہم پلیٹ فارم ہے۔
میٹا کا دعویٰ ہے کہ ان تھرڈ پارٹی چیٹ بوٹس سے پلیٹ فارم پر دباؤ بڑھتا ہے کیونکہ ان کی جانب سے بہت زیادہ تعداد میں میسجز بھیجے جاتے ہیں۔
البتہ یہ واضح نہیں کہ اس نئی پالیسی سے دیگر کاروباری ادارے جیسے بینک، فضائی کمپنیاں اور دیگر کی اے آئی کسٹمر سروس سپورٹ متاثر ہوگی یا نہیں۔