میٹا کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) شعبے کے چیف اے آئی آفیسر الیگزینڈر وانگ نے نوجوانوں کو مستقبل میں کامیابی کے حصول کا طریقہ بتایا ہے۔
ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو خود کو اے آئی سے منسلک کرلینا چاہیے تاکہ وہ مستقبل کے لیے تیار ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ بل گیٹس اور مارک زکربرگ نے اپنی نوجوانی کے سال ابھرتی کمپیوٹر ٹیکنالوجیز میں مہارت کے حصول پر لگائے اور موجودہ عہد کے نوجوانوں کو مستقبل میں کامیابی کے لیے اے آئی ٹولز پر تجربات کے لیے وقت نکالنا چاہیے۔
الیگزینڈر وانگ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جو نوجوان ابھی اے آئی ٹولز میں مہارت حاصل کریں گے، وہ مستقبل میں اپنے دوستوں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب ہوسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ‘اگر آپ کی عمر 13 سال ہے تو آپ کو اپنا وقت وائب کوڈنگ پر لگانا چاہیے، جو افراد ان ٹولز میں مہارت کے ساتھ بڑے ہوں گے، انہیں مستقبل کی معیشت میں نمایاں سبقت حاصل ہوگی’۔
الیگزینڈر وانگ 25 سال کی عمر میں اپنی محنت سے ارب پتی بن گئے تھے اور کافی عرصے تک دنیا کے کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی کا اعزاز ان کے نام رہا تھا۔
انہوں نے اسکیل اے آئی نامی کمپنی کی بنیاد رکھی تھی اور انہوں نے موجودہ عہد کا موازنہ ذاتی کمپیوٹر کے عہد سے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘جب ذاتی کمپیوٹرز پہلی بار سامنے آئے تو جن افراد نے ان میں مہارت حاصل کرنے کو ترجیح دی، انہیں اپنے مستقبل میں بہت زیادہ کامیاب ہونے میں مدد ملی’۔
انہوں نے کہا کہ بل گیٹس لڑکپن میں رات کو لیبارٹریز میں چپکے سے جاکر کمپیوٹر پروگرامنگ کے بارے میں سیکھتے تھے اور موجودہ عہد کے نوجوانوں کو بھی اسی طرح کی ذہنیت کو اپنانا چاہیے، مگر انہیں اے آئی اسسٹنٹس اور کوڈنگ ماڈلز میں مہارت حاصل کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ وائب کوڈنگ سے مراد اے آئی کوڈنگ اسسٹنٹ کی تیاری، آزمائش اور چیزوں کی تیاری ہے۔
وائب کوڈنگ سے اے آئی سسٹمز کو مختلف ٹاسک کو فوری سر انجام دینے میں مدد ملتی ہے۔