واٹس ایپ میں فون نمبروں کو شیئر کرنے کی ضرورت ختم کرنے والے فیچر یوزر نیم کی کافی عرصے سے آزمائش کی جا رہی ہے۔
اب کمپنی نے بتایا ہے کہ میسجنگ پلیٹ فارم کے اس اہم ترین فیچر کو کب تک صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
Wabetainfo کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کی جانب سے یوزر نیم فیچر کو 2026 میں صارفین کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی نے واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس استعمال کرنے والے اداروں یا صارفین کو کہا ہے کہ وہ اپنے ورک فلو کو ایڈجسٹ اور کنکٹڈ سسٹمز کو اپ ڈیٹ کریں۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ ایک آپشنل فیچر ہوگا جس کے تحت صارف کو اختیار ہوگا کہ وہ یوزر نیم یا فون نمبر میں سے کسی ایک کو ڈسپلے کرنے کے لیے منتخب کریں۔
میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کے مطابق یوزر نیم سے صارفین کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے۔
اس فیچر سے پرائیویسی بہتر ہوگی اور انفرادی صارفین کو زیادہ تحفظ ملے گا۔
حالیہ دنوں میں واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں یوزر نیم ریزرو کرانے کے فیچر کو دیکھا گیا تھا جو ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق جو صارفین واٹس ایپ یوزر نیمز کو منتخب کریں گے، ان کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے بزنس اکاؤنٹس کو اپنے سسٹمز کو تیار کرنا ہوگا۔
اس مقصد کے لیے ان بزنس اکاؤنٹس کو جون 2026 تک کا وقت دیا گیا ہے۔
یعنی جون 2026 کے بعد یوزر نیم فیچر باضابطہ طور پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔