گوگل نے ایک نیا سرچ لائیو فیچر متعارف کرایا ہے۔
گوگل لیبز کے تیار کردہ اس آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس ٹول کی آزمائش گزشتہ چند ماہ سے کی جا رہی تھی۔
اب اسے سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے اسمارٹ فونز میں گوگل ایپ میں لائیو آئیکون کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس آئیکون پر کلک کرکے آپ اے آئی سے بات کرسکیں گے جو نہ صرف آپ کی آواز سن سکے گا بلکہ کیمرے کے ذریعے دیکھ بھی سکے گا۔
یعنی اب سرچ صرف ٹائپ کرکے ہی ممکن نہیں ہوگی بلکہ گفتگو کے ذریعے بھی آپ اپنے سامنے موجود مناظر کے بارے میں جان سکیں گے۔
مثال کے طور پر آپ اپنے فون کیمرے کو ٹی وی کے پیچھے موجود تاروں کی جانب کرکے پوچھ سکتے ہیں کہ ایچ ڈی ایم آئی 2.1 پورٹ کونسی ہے یا یہ کیا چیز ہے، جس پر گوگل سرچ لائیو کی جانب سے بتایا جائے گا۔
یہ سب ٹائپ کیے بغیر ممکن ہوگا۔
گوگل کے مطابق سرچ لائیو query fan-out کو استعمال کرکے سرچز کو مکمل کیا جاتا ہے۔
یہ اے آئی ٹول صرف آپ کے مخصوص سوالات کا جواب ہی نہیں دیتا بلکہ متعلقہ سوالات کے جوابات بھی فراہم کرتا ہے۔
یہ جیمنائی لائیو جیسا فیچر ہے جو گوگل ایپ کے اندر موجود ہوگا۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر ایسے افراد کے لیے بہترین ثابت ہوگا کہ گاڑی میں سفر کر رہے ہوں یا ملٹی ٹاسکنگ میں مصروف ہوں۔
یہ چیٹ کسی اور ایپ کے اوپن کرنے پر بھی جاری رہے گی اور آپ گوگل کے جوابات کو تحریری شکل میں بھی دیکھ سکیں گے، جس کے لیے ٹرانسکرپٹ آپشن دستیاب ہوگا۔
اے آئی موڈ ہسٹری میں آپ مخصوص جوابات کو دوبارہ دیکھ سکیں گے اور ان پر گوگل سے مزید چیٹ کرسکیں گے۔
امریکا سے باہر یہ فیچر کب تک صارفین کو دستیاب ہوگا، یہ کمپنی کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا۔